0

جے یو آئی کا الیکشن کمیشن سے کاغذات نامزدگی کی وصولی کے دن بڑھانے کا مطالبہ

جے یو آئی ف کو انتخابات کی تاریخ اور دیگر الیکشن شیڈول کے مراحل پر کوئی اعتراض نہیں، کامران مرتضیٰ
جمیعت علمائے اسلام ف (جے یو آئی) کے سینیٹر کامران مرتضیٰ نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کو درخواست لکھ کر کاغذات نامزدگی کی وصولی کے دن بڑھانے کا مطالبہ کردیا۔
درخواست میں کامران مرتضیٰ نے لکھا کہ سپریم کورٹ کے حکم پر الیکشن کمیشن کی جانب سے عام انتخابات کا شیڈول جاری کیا گیا، سیاسی جماعتوں نے الیکشن کیلئے قومی اور صوبائی سطح پر امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ تقسیم کرنے ہیں۔

کامران مرتضیٰ نے مطالبہ کیا کہ کاغذات نامزدگی کی وصولی کے لیے تین دن کا اضافہ کیا جائے، البتہ سکروٹنی کے وقت کو 7 دن سے کم کر کے چار دن کیا جاسکتا ہے جس سے پولنگ 8 فروری کو کرانا ممکن ہوگا۔
درخواست میں کہا گیا کہ جے یو آئی ف کو انتخابات کی تاریخ اور دیگر الیکشن شیڈول کے مراحل پر کوئی اعتراض نہیں، الیکشن ایکٹ کے سیکشن 58 کے تحت الیکشن کمیشن شیڈول کے اندر ردوبدل کرسکتا ہے۔
کامران مرتضیٰ نے کہا کہ کاغذات نامزدگی کے وقت میں اضافہ جے یو آئی ف کے لیے بطور سیاسی جماعت باعث اطمینان ہوگا اور اس کا وقت بڑھانے سے سیاسی جماعتوں کو بہتر امیدواروں کے چنائو میں بھی آسانی ہوگی۔
واضح رہے کہ عام انتخابات میں حصہ لینے کیلئے کاغذات نامزدگی حاصل کرنے اور جمع کروانے کا سلسلہ آج سے شروع ہو گیا ہے۔
امیدوار 20 سے 22 دسمبر تک کاغذات نامزدگی جمع کروا سکتے ہیں، ان کی ابتدائی فہرست 23 دسمبر کو جاری ہوگی جب کہ کاغذات نامزدگی کی اسکروٹنی 24 سے 30 دسمبر تک ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں