0

بھارتی فنکاروں کی دربار صاحب کرتار پور آمد، پاکستانی شوبز ستاروں کا استقبال

کرتار پور: بھارتی فنکاروں کی دربار صاحب کرتار پور آمد پر پاکستانی فنکاروں نے وفد کا پرجوش استقبال کیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق بھارتی وفد میں اداکار ہریش ورما، شرن کور، جسکرن گل، چندرکمبوج، راج ویندر، بلجیت سنگھ، سپن اور دیگر شامل تھے جبکہ پاکستانی فنکاروں اداکارہ روبی انعم، قیصر پیا، سردار کمال، اظہر بٹ، آصف اقبال اور شجرعباس نے ان کا استقبال کیا۔

بھارتی فنکاروں کے وفد نے دربار صاحب کرتار پور پر حاضری دی اور اپنی مذہبی رسومات ادا کی۔

اس موقع پر اداکار ہریش ورما نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہاں آکر سکون ملا، کرتار پور آنا ہماری یادوں میں ہمیشہ تازہ رہے گا، یہاں سے جانے کو دل نہیں کر رہا، دوبارہ پھر آئیں گے، محبتوں کا یہ سلسلہ یونہی جاری رہنا چاہیے، اس دھرتی پر سب کے لئے پیار ہے۔

بھارتی اداکارہ شرن کور نے کہا کہ کرتار پور کی خوبصورتی بیان کرنا مشکل ہے، کرتار پور پہلی بار آئی ہوں، یہاں آنا ایک خواب لگتا تھا۔

جسکرن سنگھ نے کہا کہ آج کے دورے کا سارا سہرا پروڈیوسر اظہر بٹ کو جاتا ہے، فلمیں بنتی رہیں گی، ہم آگے بھی فلم بنائیں گے لیکن آج پیار لے کر جارہے ہیں۔

اس موقع پر پاکستانی اداکار قیصر پیا نے کہا کہ ساری زندگی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے، دعا ہے ہم سارے اسی طرح ملتے رہیں جبکہ اداکارہ روبی انعم نے کہا کہ یہ پیار ہمیشہ رہنا چاہیے،پیار کے رشتے بنتے ہیں اور ان کو مزید بننا چاہیے۔

واضح رہے کہ فلم ’ڈرامے آلے‘ کی کاسٹ بھارتی اور پاکستانی فنکاروں پر مشتمل ہے، فلم کی کاسٹ میں اداکار قیصر پیا، سردار کمال، آصف اقبال، شاہد خان، روبی انعم، ہریش ورما اور شرن کور شامل ہیں۔ فلم 19 جنوری کو پاکستان سمیت پوری دنیا میں ریلیز ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں